میرا پیارا / کارکردگی

شازیہ کی 9 سال بعد اہلِ خانہ سے دوبارہ ملنے کی مکمل داستان

شازیہ کی 9 سال بعد اہلِ خانہ سے دوبارہ ملنے کی مکمل داستان

Wednesday, January 21, 2026 07:54 AM

شازیہ کی اپنے خاندان تک واپسی اس بات کی اہم مثال ہے کہ کس طرح جدید ٹیکنالوجی، ادارہ جاتی تعاون اور عوامی شمولیت پاکستان میں طویل عرصے سے گمشدہ بچوں کے معاملات کو کامیابی سے حل کر سکتی ہے۔

شازیہ، جو اوکاڑہ کی رہائشی تھی، 2017 میں گھر سے نکلنے کے بعد راستہ بھٹک گئی اور لاپتہ ہو گئی۔ اپنی شناخت بتانے یا گھر کا پتہ یاد نہ ہونے کی وجہ سے وہ لاہور میں ایک شہری کو لاوارث حالت میں ملی، جس کے بعد اسے ایدھی ہوم منتقل کر دیا گیا۔ تقریباً نو سال تک وہ بغیر تصدیق شدہ شناخت کے اپنے والدین اور خاندان سے جدا رہی۔

میرا پیارا — ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کی ٹیم فلاحی اداروں، خصوصاً ایدھی ہومز میں مقیم لاوارث اور گمشدہ بچوں کے باقاعدہ انٹرویوز کرتی ہے۔ ان معلومات کو تصدیق کے بعد ذمہ دارانہ انداز میں میرا پیارا کے سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر شیئر کیا جاتا ہے تاکہ عوام کی مدد سے شناخت ممکن ہو سکے۔

شازیہ کے کیس میں بھی اس کا انٹرویو ویڈیو میرا پیارا کے آفیشل فیس بک پیج پر شیئر کیا گیا، جب اس کا انٹرویو اس ک اہل خانہ نے دیکھا تو انھوں نے فوراً اپنی بیٹی کو پہچان لیا اور ٹیم سے رابطہ کیا۔ بعد ازاں مکمل تصدیقی عمل کیا گیا جس میں خاندان سے گفتگو، شناخت کی توثیق اور متعلقہ اداروں سے رابطہ شامل تھا۔ تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد شازیہ کو لاہور میں اس کے والدین کے حوالے کر دیا گیا، یوں نو سال کی جدائی کا اختتام ہوا۔

چائلڈ سیفٹی میں میرا پیارا کا کردار:
شازیہ کی واپسی میرا پیارا کے وسیع اثرات کو ظاہر کرتی ہے۔ مختصر عرصے میں میرا پیارا نے ملک بھر میں ہزاروں بچوں کو ان کے خاندانوں سے دوبارہ ملانے میں مدد دی ہے اور بچوں کے تحفظ سے متعلق ہزاروں کیسز — جن میں ہراسانی، بدسلوکی، استحصال اور دیگر خطرات شامل ہیں — پر مؤثر کارروائی کی ہے۔ مضبوط ڈیجیٹل نظام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں و فلاحی تنظیموں کے تعاون نے اسے ایک مؤثر اور قابلِ اعتماد پلیٹ فارم بنایا ہے۔

گمشدہ بچے کی اطلاع کیسے دیں:
شہری کسی بھی گمشدہ بچے یا بچوں کے تحفظ سے متعلق معاملے کی اطلاع درج ذیل ذرائع سے دے سکتے ہیں:

  • پنجاب ایمرجنسی ہیلپ لائن 15

  • میرا پیارا واٹس ایپ: 03090000015

  • میرا پیارا کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس

میرا پیارا اس بات کی عملی مثال ہے کہ ہمدردی، ڈیجیٹل سسٹم اور اجتماعی کوششیں مل کر اس بات کو یقینی بنا سکتی ہیں کہ کوئی بچہ نظرانداز نہ ہو اور کوئی خاندان ہمیشہ کے لیے جدا نہ رہے۔