میرا پیارا / کارکردگی

19 سال بعد اویس اپنے اہل خانہ سے دوبارہ کیسے ملا؟ بچھڑنے سے ملنے تک کی مکمل داستان

19 سال بعد اویس  اپنے اہل خانہ سے دوبارہ کیسے ملا؟ بچھڑنے سے ملنے تک کی مکمل داستان

Tuesday, January 27, 2026 05:37 AM

آج 19 طویل برسوں کی جدائی کے بعد اویس اپنی والدہ کی آغوش تک پہنچ گیا۔ یہ پُراثر لمحہ امید، صبر، یقین اور میرا پیارا – ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کی انتھک کاوشوں کی جیتی جاگتی مثال ہے۔

اویس کا تعلق گجرات سے تھا۔ سن 2007 میں وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ لاہور آیا، جہاں اچانک بچھڑ کر گم ہو گیا۔ کم عمری اور محدود ذہنی صلاحیت کے باعث وہ اپنا گھر کا پتہ یا خاندان کی تفصیلات نہ بتا سکا، جس کے سبب اس کی شناخت ممکن نہ رہی۔ مناسب معلومات نہ ہونے پر حکام اسے اس کے گھر والوں تک نہ پہنچا سکے۔ چنانچہ اس کی حفاظت، نگہداشت اور فلاح کے پیشِ نظر اسے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے سپرد کر دیا گیا، جہاں وہ دیگر لاوارث اور حساس حالات سے دوچار بچوں کے ساتھ شیلٹر ہومز میں مقیم رہا۔

دوسری جانب اس کا خاندان برسوں تک اسے تلاش کرتا رہا۔ وقت گزرتا گیا، مگر امید کا چراغ بجھنے نہ پایا۔ دکھ، بے یقینی اور طویل انتظار کے باوجود وہ یقین رکھتے تھے کہ ایک دن ان کا بیٹا ضرور واپس آئے گا۔

فیصلہ کن مرحلہ اس وقت آیا جب پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (PSCA) کے تحت کام کرنے والی میرا پیارا ٹیم نے اپنی مربوط حکمتِ عملی کے تحت شیلٹر ہومز میں مقیم بچوں کے تفصیلی انٹرویوز کیے، ان کا ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کیا اور لاوارث بچوں کے ویڈیو پروفائلز تیار کیے۔ یہ ویڈیوز سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کے ذریعے شیئر کی گئیں تاکہ مختلف علاقوں میں موجود خاندان اپنے پیاروں کو پہچان سکیں۔

انہی ویڈیوز میں سے ایک اویس کے خاندان تک پہنچی — اور قسمت نے کروٹ لی۔ انہوں نے فوراً اسے پہچان لیا۔

مکمل تصدیق، دستاویزی کارروائی اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کاری کے بعد آج اویس دوبارہ اپنی والدہ کے سامنے کھڑا ہے۔ اس لمحے جذبات کا سیلاب امڈ آتا ہے۔ ماں اپنے بیٹے کو گلے لگا کر جیسے برسوں کی جدائی سمیٹ لیتی ہے۔ یہ منظر ماں کی محبت، سکون اور قبول ہوئی دعاؤں کی روشن تصویر ہے۔

میرا پیارا صرف لاوارث یا گمشدہ بچوں کوان کے خاندان سے ملوانے تک محدود نہیں بلکہ بچوں کے تحفظ سے متعلق ہر نوعیت کے معاملات پر کام کرتا ہے، جن میں بدسلوکی، استحصال، غفلت اور دیگر متاثرہ یا لاوارث کمسن افراد کے کیسز شامل ہیں۔ یہ پلیٹ فارم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ قائم کر کے فوری ردِعمل، تحفظ اور معاونت یقینی بناتا ہے۔

اگر آپ کسی گمشدہ بچے یا بچوں کے تحفظ سے متعلق کسی معاملے کی اطلاع دینا چاہتے ہیں تو رابطہ کریں:
پنجاب ایمرجنسی ہیلپ لائن: 15
میرا پیارا واٹس ایپ: 03090000015
PSCA پبلک سیفٹی ایپ
آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز

میرا پیارا کا عزم واضح ہے — کوئی بچہ اپنے خاندان سے جدا نہ رہے، اور ہر بچے کو تحفظ، وقار اور سلامتی میسر آئے۔ ٹیکنالوجی، فلاحی اداروں کا تعاون اور عوامی شراکت سے بکھری زندگیاں دوبارہ جوڑی جا رہی ہیں۔ مزید کامیاب ری یونیفیکیشنز میرا پیارا کی آفیشل ویب سائٹ پر ملاحظہ کی جا سکتی ہیں۔