اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (PSCA) کے تحت کام کرنے والے میرا پیارا – ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کی کاوشوں سے 6 سال کی طویل جدائی کے بعد طیب اپنی والدہ سے دوبارہ مل گیا۔ یہ ایک ایسا جذباتی لمحہ تھا جس نے برسوں کے انتظار، دعا اور امید کو خوشیوں میں بدل دیا۔
طیب، ضلع شیخوپورہ کا رہائشی ایک کمسن بچہ تھا، جو مارچ 2020 میں گھر سے نکلنے کے بعد راستہ بھٹک گیا اور اپنے خاندان سے بچھڑ گیا۔ ایک نیک دل شہری نے اسے لاوارث اور پریشان حالت میں دیکھا اور فوری طور پر اس کی حفاظت کے لیے ایدھی ہوم ملتان پہنچا دیا، جہاں اس کی دیکھ بھال کا آغاز کیا گیا۔
اس وقت طیب نہ اپنا گھر، نہ والدین کا نام اور نہ ہی اپنے خاندان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کر سکتا تھا۔ شناخت نہ ہونے کی وجہ سے اس کے اہلِ خانہ تک رسائی ممکن نہ ہو سکی اور وہ کئی سال تک ایدھی ہوم میں دیگر لاوارث بچوں کے ساتھ رہائش پذیر رہا۔
جولائی 2024 میں میرا پیارا – ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کا قیام عمل میں آیا، جس کا مقصد گمشدہ بچوں اور لاوارث افراد کو اُن کے خاندانوں سے دوبارہ ملانا ہے۔ اسی قومی مشن کے تحت میرا پیارا ٹیمیں ملک بھر کے شیلٹر ہومز کا باقاعدگی سے دورہ کرتی ہیں، وہاں موجود لاوارث بچوں کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کرتی ہیں، ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کرتی ہیں اور مختصر انٹرویوز ریکارڈ کر کے انہیں میرا پیارا کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کرتی ہیں تاکہ اگر کوئی اپنے بچھڑے ہوئے عزیز کو پہچان لے تو ری یونیفیکیشن ممکن بنائی جا سکے۔
اسی سلسلے میں میرا پیارا ملتان ٹیم نے ایدھی ہوم ملتان کا دورہ کیا اور طیب کا تفصیلی انٹرویو ریکارڈ کیا۔ بعد ازاں اس کی ویڈیو میرا پیارا کے آفیشل فیس بک پیج پر شیئر کی گئی اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے اسے پروموٹ بھی کیا گیا۔
یہی قدم اس کیس کا اہم موڑ ثابت ہوا۔
طیب کی والدہ نے سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو دیکھی اور اپنے بیٹے کو فوراً پہچان لیا۔ برسوں کی بے یقینی کے بعد انہیں امید کی نئی کرن نظر آئی اور انہوں نے فوری طور پر میرا پیارا ٹیم سے رابطہ کیا۔
اس کے بعد میرا پیارا ٹیم نے خاندان کی رہنمائی کرتے ہوئے تمام ضروری تصدیقی اور قانونی مراحل مکمل کیے۔ تمام کارروائی مکمل ہونے کے بعد طیب کو بحفاظت اس کی والدہ کے حوالے کر دیا گیا۔
یہ ملاقات انتہائی جذباتی تھی۔ چھ سال بعد ایک ماں نے اپنے بیٹے کو دوبارہ گلے لگایا۔ خوشی کے آنسو، دعائیں اور شکرگزاری اس لمحے کی حقیقی عکاسی کر رہے تھے۔
طیب کی یہ ری یونیفیکیشن اس بات کا ثبوت ہے کہ عوامی تعاون، جدید ٹیکنالوجی اور مسلسل کاوشیں برسوں سے بچھڑے ہوئے خاندانوں کو دوبارہ ملا سکتی ہیں۔
میرا پیارا – ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی اسی عزم کے ساتھ کام کر رہا ہے کہ کوئی بھی بچہ اپنے خاندان سے بچھڑا نہ رہے اور ہر گمشدہ فرد کو محفوظ طریقے سے اس کے پیاروں تک پہنچایا جا سکے۔
گمشدہ بچی جمیلہ کی ایک اور جذباتی ری یونیفیکیشن داستان پڑھیں، جو 15 سال کی طویل جدائی کے بعد میرا پیارا کی کاوشوں سے اپنے خاندان سے دوبارہ جا ملی۔