الحمدللہ، چار سال کی طویل جدائی کے بعد ناہیدہ بالآخر اپنے خاندان سے جا ملیں, ایک ایسا جذباتی لمحہ جو امید، صبر اور میرا پیارا – ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کی مؤثر کاوشوں کی عکاسی کرتا ہے، جو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے وژن کے تحت کام کر رہا ہے۔
ناہیدہ 2022 میں شیخوپورہ سے لاپتہ ہو گئی تھیں۔ بعد ازاں وہ گوجرانوالہ سے لاوارث حالت میں ملیں اور شناخت نہ ہونے کی وجہ سے انہیں دارالامان گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ کئی سال تک زیرِ کفالت رہیں اور اپنے خاندان سے دور زندگی گزارتی رہیں۔
دوسری جانب ان کا خاندان مسلسل ان کی تلاش میں رہا، مگر وقت کے ساتھ بے یقینی بڑھتی گئی، تاہم امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا گیا۔
جب یہ کیس پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے علم میں آیا تو میرا پیارا ٹیم نے فوری طور پر کارروائی شروع کی۔ بچی کا انٹرویو کیا گیا اور اس کی ویڈیو ریکارڈ کر کے میرا پیارا کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی گئی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی حاصل ہو سکے۔
اسی کوشش کے نتیجے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی۔
بچی کی بہن ردا نے ویڈیو دیکھی اور فوراً میرا پیارا ٹیم سے رابطہ کیا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ دارالامان گوجرانوالہ میں موجود یہ بچی ان کی بہن ناہیدہ ہیں جو 2022 سے لاپتہ تھیں۔
اس کے بعد میرا پیارا ٹیم نے مکمل تصدیقی عمل شروع کیا۔ خاندان کی جانب سے فراہم کردہ معلومات اور شواہد کا بغور جائزہ لیا گیا۔ تمام قانونی اور تصدیقی مراحل مکمل ہونے کے بعد ناہیدہ کو ان کے والدین سے ملوا دیا گیا۔
یہ ملاقات نہایت جذباتی تھی، برسوں بعد ایک خاندان دوبارہ مکمل ہوا اور خوشی کے آنسو اس لمحے کو یادگار بنا گئے۔
ایسی کامیاب داستانیں میرا پیارا کے حقیقی اثرات کو ظاہر کرتی ہیں، جس کے باعث اسے عالمی سطح پر ڈبلیو ایس آئی ایس فورم 2026 میں بھی نمایاں مقام حاصل ہوا ہے۔
میرا پیارا اسی عزم کے ساتھ کام جاری رکھے ہوئے ہے کہ ہر گمشدہ بچہ اپنے خاندان تک واپس پہنچ سکے۔
آپ ایک اور متاثر کن کامیابی کی داستان بھی پڑھ سکتے ہیں، جس میں لاپتہ بچہ احمد، 7 سال کی طویل جدائی کے بعد میرا پیارا کی کاوشوں سے اپنے خاندان سے جا ملا۔
واللہ المستعان