22 سال کے طویل انتظار کے بعد لاہور سے گم ہونے والی ایک خصوصی بچی، شگفتہ، بالآخر کراچی میں اپنی والدہ سے دوبارہ مل گئی۔ یہ جذباتی لمحہ صرف ایک ملاقات نہیں بلکہ امید، صبر اور ماں بیٹی کے اٹوٹ رشتے کی جیتی جاگتی مثال ہے۔ یہ کامیابی میرا پیارا – ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کی مسلسل محنت اور حقیقی اثرات کو بھی نمایاں کرتی ہے۔
شگفتہ جولائی 2004 میں، صرف 10 سال کی عمر میں، لاہور کے علاقے فتح گڑھ سے لاپتہ ہو گئی تھی۔ ذہنی معذوری کے باعث وہ اپنا پتہ یا گھر والوں کی معلومات نہیں بتا سکتی تھی۔ ایک ہمدرد شہری نے اسے تنہا پایا اور ایدھی ہوم لاہور منتقل کیا، بعد ازاں اسے ایدھی سینٹر کراچی بھیج دیا گیا۔ برسوں تک وہ وہاں بے شناخت اور اپنے خاندان سے دور خاموشی سے زندگی گزارتی رہی۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے تحت کام کرنے والی میرا پیارا ری یونین ٹیم نے ایدھی ہوم نارتھ کراچی کا دورہ کیا اور شگفتہ سے تفصیلی انٹرویوکیا۔ وہ ماضی کے بارے میں بہت کم یاد کر پاتی تھی، بس اتنا کہ اس کا تعلق لاہور سے ہے۔ مختلف علاقوں کے نام لینے پر جب اس نے فتح گڑھ کو پہچانا، تو یہی اس طویل سفر کی پہلی امید بنی۔
اس سراغ کی بنیاد پر ٹیم نے فیلڈ وزٹس کیے اور فتح گڑھ و ملحقہ علاقوں میں سوشل میڈیا اور آفیشل پلیٹ فارمز کے ذریعے آگاہی مہم شروع کی۔ اللہ کے فضل سے ایک خاتون نے رابطہ کیا اور تصدیق کی کہ تصویر میں نظر آنے والی بچی اس کی حقیقی بہن شگفتہ ہے، جو برسوں پہلے گم ہو گئی تھی۔
مکمل تصدیق کے بعد شگفتہ کی والدہ اور خاندان کو ایدھی سینٹر کراچی لایا گیا، جہاں دو دہائیوں سے زائد عرصے بعد ماں نے اپنی کھوئی ہوئی بیٹی کو سینے سے لگایا۔ یہ لمحہ الفاظ سے بیان نہیں ہو سکتا۔
یہ کامیابی میرا پیارا کے وسیع مشن کی عکاسی کرتی ہے، جو پاکستان کا سب سے بڑا بچوں کے تحفظ کا مرکز ہے۔ گزشتہ 16 ماہ میں میرا پیارا نے ملک بھر میں ایک لاکھ سے زائد بچوں سے متعلق کیسز ہینڈل کیے۔ ان میں 53 ہزار گمشدہ و لاوارث کیسز (بچے، بزرگ شہری اور خصوصی افراد) شامل تھے، جن میں سے 51 ہزار افراد کو کامیابی سے اہلِ خانہ سے ملایا گیا۔ مزید 47 ہزار کیسز بچوں کے خلاف بدسلوکی، ہراسانی، ڈیجیٹل استحصال، جنسی تشدد اور دیگر حفاظتی خدشات سے متعلق تھے، جن میں سے 41 ہزار کیسز بروقت کارروائی کے ذریعے حل کیے گئے۔
میرا پیارا نے یتیم خانوں اور شیلٹر ہومز میں موجود لاوارث افراد کا تصدیق شدہ ڈیٹا اپنی آفیشل ویب سائٹ پر بھی فراہم کیا ہے۔ اگر آپ کسی کو پہچانتے ہیں یا کسی گمشدہ بچے کی رپورٹ درج کرانا چاہتے ہیں تو 03090000015 پر رابطہ کریں۔
کیونکہ ہر دوبارہ ملنے والا بچہ ایک مکمل ہوتی ہوئی داستان ہے اور کوئی بچہ ہمیشہ کے لیے لاوارث نہیں رہنا چاہیے۔ ان شاء اللہ۔
واللہ المستعان